نئی دہلی 20نومبر(آئی این ایس انڈیا) پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس 29 نومبر سے شروع ہورہاہے۔ لوک سبھاکے اسپیکراوم برلانے کہاہے کہ مجھے امید ہے کہ ایوان خوش اسلوبی سے چلے گا۔ اوم برلانے کہاہے کہ سیشن کے دوران تمام مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور نمائندوں کی طرف سے اپنے اپنے شعبوں میں کیے گئے اچھے کاموں پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ جے پور میں لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ شملہ میں پریذائیڈنگ افسروں کی 82ویں صد سالہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ کانفرنس میں تاریخی قراردادیں لائی گئی ہیں۔ آنے والے وقتوں میں ملک کی جمہوریت کومضبوط کرتے ہوئے مقننہ کو مضبوط کیا جائے تاکہ مقننہ سے عوام کی توقعات پوری ہو سکیں۔ انہوں نے کہاہے کہ مقننہ کی کارروائی، مباحث، اہم روایات کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش کریں گے۔ مقننہ کے اسپیکرز نے اپنی رضامندی دے دی ہے۔ امید ہے کہ ملک کے عوام ون نیشن ون پلیٹ فارم کی بنیاد پر تمام مقننہ، لوک سبھا، راجیہ سبھا کی کارروائی دیکھ سکیں گے۔قبل ازیں لوک سبھا سکریٹریٹ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ 17ویں لوک سبھا کا 7واں اجلاس پیر 29 نومبر 2021 کو شروع ہوگا۔ سرکاری کاروبار کی ضرورتوں سے مشروط، سیشن جمعرات 23 دسمبر 2021 کو ختم ہونے کاامکان ہے۔ اس کے ساتھ ہی راجیہ سبھا نے بھی ایسا ہی حکم جاری کیا تھا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ صدر نے راجیہ سبھا کو پیر 29 نومبر 2021 کو نئی دہلی میں میٹنگ کے لیے بلائی ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ کاروباری ضروریات کے پیش نظر سیشن جمعرات 23 دسمبر 2021کو ختم ہوناہے۔